15 جون 2009 - 19:30

عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مخالفت میں مسلسل شدت آتی جارہی ہے ۔

امریکہ بغداد واشنگٹن سیکورٹی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتا چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے عراق میں امریکی کارکردگی پر عدم اعتمادی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ عراق کے قومی اتحاد کے بعض اراکین نے عراق سے متعلق وائٹ ہاؤس کے اقدامات کے پیش نظر تمام عراقی گروہوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں امریکہ کی فوجی موجودگی کے تسلسل کی مخالفت کریں۔ عراق کی بہت سی سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ عراق پر قبضہ ہی عراق میں بدامنی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ عراق کے سابق وزیر اعظم ابراہیم جعفری نے بھی عراق پر امریکی قبضے کے تسلسل کے منفی نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے ۔ ابراہیم جعفری نے عراق سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کی ضرورت پر زور دیتے ہوۓ کہا ہے کہ عراق میں امریکہ کی نہ صرف طویل مدت فوجی موجودگي بلکہ قلیل المیعاد فوجی موجودگی بھی عراق کے سیاسی عمل کے لۓ نقصان دہ ہے۔   اب جبکہ عراق میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد عمل میں آنے والا ہے تو امریکہ اور بعض عرب ممالک نے ان انتخابات اور عراق کے سیاسی عمل پر اثر انداز ہونے کے لۓ تگ و دو شروع کردی ہے ۔ انہی امور کے پیش نظر عراق کے سیاسی گروہ عراق کی فوری خود مختاری پر تاکید کر رہے ہیں۔ ان عراقی سیاسی جماعتوں کے نزدیک عراق پر سے غیر ملکی قبضے کا خاتمہ بغداد حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہۓ ۔